09/04/2026
تحصیل کنڈر میں ریسکیو سہولیات کا فقدان، نوجوانوں کی موٹر سائیکل کیچڑ میں پھنس گئی
تورغر (نمائندہ خصوصی) تحصیل کنڈر کے علاقے حسن زئی میں ریسکیو 1122 کی عدم دستیابی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ گزشتہ روز میرا مداخیل سے ڈیوٹی پر جانے والے نوجوانوں کی موٹر سائیکل دریائے کنارے کیچڑ میں پھنس گئی، جسے کئی گھنٹوں کی کوشش کے باوجود نکالنا ممکن نہ ہو سکا۔
مقامی ذرائع کے مطابق نوجوانوں نے اپنی مدد آپ کے تحت مسلسل کوشش جاری رکھی، تاہم بالآخر کشتی بانوں کی مدد سے موٹر سائیکل کو کیچڑ سے نکالا گیا۔ واقعہ نے علاقے میں ریسکیو سہولیات کی عدم فراہمی کو ایک بار پھر بے نقاب کر دیا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ریسکیو 1122 کی خدمات ضلع تورغر میں صرف تحصیل جدباء تک محدود ہیں جبکہ تحصیل کنڈر مکمل طور پر نظر انداز ہے، جس کے باعث کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کو بروقت امداد میسر نہیں ہوتی۔
اہلِ علاقہ نے حکومتِ خیبر پختونخوا اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ تحصیل کنڈر میں فوری طور پر ریسکیو 1122 کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ عوام کو درپیش مسائل کا ازالہ ہو سکے۔